ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل تعلقہ میں الیکٹری سٹی کو سب سے زیادہ ترجیح ایک ہزار گھروں تک بجلی پہنچانے کا تیقن

بھٹکل تعلقہ میں الیکٹری سٹی کو سب سے زیادہ ترجیح ایک ہزار گھروں تک بجلی پہنچانے کا تیقن

Mon, 19 Sep 2016 22:02:55    S.O. News Service

بھٹکل:۱۹ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے 2 ہزار سے زائد گھروں میں بجلی کی سہولت نہیں ہے، جو بے حد افسوس کی بات ہے۔ میں نے اس طرف زیادہ توجہ مرکوز کی ہے،اور 1000گھروں تک بجلی پہنچانے کے لئے اقدامات کررہا ہوں۔ یہ بات بھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے کہی۔

وہ پیر کو تعلقہ پنچایت ہال میں منعقدہ  سہ ماہی کے ڈی پی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے خطاب کررہے تھے۔ رکن اسمبلی نے میٹنگ میں بتایا کہ مرکزی حکومت ترقی کے بڑے دعوے تو کررہی ہیں لیکن میں بتا دوں کہ بجلی کے لئے مرکز ی حکومت سے ایک پیسہ تک منظور نہیں ہواہے، دین دیال نامی منصوبے کا بھٹکل والوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا ہے،رکن اسمبلی نےوزیر اعظم اور  مرکزی حکومت کےوزراء پر کڑی تنقید کرتے ہوئے بتایا کہ دکھوں کا مداوا کرنے کے لئے یہ سب  امریکہ ، آسٹریلیا ، انگلینڈ کے اسفار میں ہی وقت گزاررہے ہیں، انہیں اپنے ملک کی خبرگیری کی فرصت نہیں ہے۔

منکال وئیدیا نے بتایا کہ بھٹکل میں 1000کے وی معاون مرکز کے قیام کی کوششیں جاری ہیں، اس تعلق سے انہوں نے فاریسٹ محکمہ کے آفیسران کو توجہ دے کر فوری طورپر کارروائی کرنےکی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھٹکل ، شرالی، الویکوڑی ، سنبھاوی، مرڈیشور، منکی ، اپسرکونڈ بیچ کے لئے سرکاری بسوں کا انتظام کرنے کے متعلق غور وفکر کیا جارہاہے، سڑک مکمل ہوتےہی پہلی فرصت میں سنبھاوی کے ذریعے مرڈیشور کے لئے بھٹکل سے بس کی شروعات کی جائے گی۔ بھٹکل سے سرسی ، ہاویری ، ڈاونگیرہ کے ذریعے بنگلورو کو بس شروع کرنےکے تعلق سے بھی کوشش جاری ہے، انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ بہت جلد یہ سرویس شروع ہوجائے گی۔ مزید جانکاری دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تعلقہ میں جی ایجنسیوں کے ذریعے کانٹراکٹ اساتذہ کی نامزدگی کرنےکے لئے حکومت کو توجہ دلائی جائے گی۔ کتوررانی چنما رہائشی اسکول اور مرارجی دیسائی رہائشی اسکول کے طلبا کو کتابیں سپلائی نہ ہونےکے متعلق بے اطمینانی کا اظہار کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے کہاکہ ایک ہفتہ کے اندر مسئلہ کو حل نہیں کیا گیا تو افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ضلع  پنچایت ممبر البرٹ ڈیکوستھا نے سرکاری اسپتال کی بدنظمی اور ناقص جانکاری کے متعلق عوامی شکایات کی بات کہی۔ ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر، تعلقہ پنچایت صدر ایشورنائک، نائب صدر رادھا اشوک وئیدیا، تحصیلدار وی این باڈکر، تعلقہ پنچایت افسر سی ٹی نائک وغیرہ موجود تھے۔

 


Share: